امریکہ کے چند مطالبات تسلیم کرنا ایران کے مفاد میں : پومپیو

واشنگٹن۔ 23 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کچھ روز قبل ایران کو امریکہ کے 12 مطالبات کی ایک فہرست پیش کی تھی جس میں ایران کا نیوکلیئر پروگرام سے مکمل طور پر دستبردار ہوجانے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔ اب کچھ روز بعد پومپیو نے ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایران نے امریکہ کے 12 مطالبات کو تسلیم کرلیا تو یہ نہ صرف ایرانی عوام کے لئے منفعت بخش ہوگا بلکہ خطہ کے امن و امان کیلئے بھی سودمند ثابت ہوگا۔ پیر کے روز اپنی پہلی پالیسی تقریر کے دوران پومپیو نے ایران سے خواہش کی کہ وہ اپنے نیوکلیئر پروگرام کو مکمل طور پر ترک کردے اور خطہ میں اپنے مبینہ غیرمناسب اور عدم استحکام پیدا کرنے والی حرکتوں سے باز آجائے اور سب سے اہم بات ہے کہ ایران کو یورینیم افزودگی ترک کردینی چاہئے۔ اس سلسلے میں پومپیو نے اپنے یوروپی حلیفوں اور دیگر عالمی شراکت داروں اور دوست ممالک بشمول ہندوستان سے خواہش کی کہ وہ اس سلسلے میں امریکہ کے ساتھ تعاون کریں۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی نیوز کانفرنس میں اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے پومپیو نے کہا کہ ایران کے لئے ان مطالبات کی تکمیل کوئی مشکل کام نہیں اور اس کے عوض ایران ہم سے اپنے تابناک مستقبل کی طمانیت حاصل کرسکتا ہے۔