امریکہ کے غیر ترجیح چکن کو ہندوستان درآمدات کی اجازت

ٹیکس سے استثنیٰ کی تجویز ، ہندوستانی پولٹری کو بھاری نقصان کا خدشہ : نیشنل ایگ کوآرڈینیشن کمیٹی کا اظہار تشویش
حیدرآباد ۔ یکم اگسٹ (سیاست نیوز) ہندوستان میں امریکی چکن فروخت ہوگا۔ مرکزی وزارت خارجہ اِس سلسلہ میں ڈیوٹی فری امریکی چکن درآمدات کے متعلق منصوبہ بندی میں مصروف ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ہندوستان میں چکن ’لیگ پیس‘ Leg piece مقبول عام ہے اور چکن کے گوشت کا پسندیدہ حصہ تصور کیا جاتا ہے۔ جبکہ امریکہ میں اِس کے استعمال کو ترجیح نہیں دی جاتی۔ مرکزی وزارت خارجہ کی جانب سے مختلف اُمور بالخصوص باسمتی چاول، پھلوں کے برآمدات کے ساتھ ساتھ ہندوستانی آئی ٹی پروفیشنلس پر جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اُسی منصوبہ میں چکن کی امریکہ سے درآمدات کے متعلق منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ امریکہ سے چکن کی درآمدات کی صورت میں ہندوستانی پولٹری فارمر جو مرغی کی افزائش و صنعت سے جڑے ہوئے ہیں، اُنھیں کافی نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے بموجب ملک بھر میں 5 ملین پولٹری فارمرس موجود ہیں جن کے کاروبار کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاع کے بموجب مرکزی حکومت ڈیوٹی فری چکن درآمدات کو یقینی بنانے کے اقدامات میں مصروف ہیں۔ اِس طرح سبسیڈی دیئے جانے کی صورت میں ہندوستان میں چکن کی قیمت میں کافی گراوٹ آسکتی ہے۔ امریکہ میں چکن کی قیمت 4 ڈالر فی کیلو گرام ہے جبکہ چکن سینے کا گوشت 7.9 ڈالر فی کیلو گرام فروخت کیا جاتا ہے۔ اِس کے برعکس مرغی کی ٹانگ جو ہندوستان میں کافی پسند کی جاتی ہے، وہ صرف 3.4 ڈالر فی کیلو گرام فروخت کی جاتی ہے۔ اطلاعات کے بموجب چکن کے لیگ پیس کا زائداز تقریباً 80 فیصد حصہ امریکہ سے دیگر ممالک کو فروخت کیا جاتا ہے۔ کیونکہ امریکہ میں چکن کے لیگ پیس کو کوئی اہمیت حاصل نہیں ہے۔ سابق میں امریکہ کی اِن درآمدات سے سری لنکا، فلپائن، ویتنام، روس کے علاوہ میکسیکو وغیرہ کافی متاثر ہوئے ہیں۔ حکومت ہند کی جانب سے امریکہ کے ساتھ کئے جانے والے معاہدات میں چکن درآمدات کے معاہدہ کے متعلق منصوبہ بندی سے ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت ہندوستان میں امریکی چکن کو فروغ دینا چاہتی ہے۔ ہندوستان بھر میں گزشتہ چند برسوں سے پولٹری فارمر کئی مشکلات کا شکار ہیں اور اِس صورتحال میں حکومت کی جانب سے کئے جانے والے یہ فیصلے اُنھیں مزید نقصان سے دوچار کرسکتے ہیں۔ چند برس قبل ہندوستان میں برڈ فلو کے سبب چکن کی صنعت کو کافی نقصان ہوا تھا اور اب یہ صنعت راست امریکہ کے ہاتھ لگنے والی ہے۔ امکان ہے کہ چند ماہ کے دوران امریکہ سے اِس سلسلہ میں معاہدہ کو قطعیت دیتے ہوئے ہندوستانی بازاروں میں امریکی چکن کے لیگ پیس کی فروخت یقینی بنائی جائے گی۔