امریکہ کے شارلٹ میں کرفیو نافذ

سیاہ فام کے قتل میں پولیس افسر کے خلاف وارنٹ جاری
واشنگٹن، 23 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں شمالی کیرولینا کے شارلٹ علاقہ میں پولیس کی گولی سے ایک افریقی نژاد امریکی کے مارے جانے کے بعد دو دن سے جاری مشتعل لوگوں کے مظاہروں کے بعد نصف شب سے صبح چھ بجے تک کے لئے کرفیو لگا دیا گیا۔ پولیس نے ٹوئٹر پر بتایا کہ کرفیو اس وقت تک نافذ رہے گا جب تک ایمرجنسی ہٹا نہیں لی جاتی یا کرفیو ختم کرنے کا اعلان نہیں کیا جاتا۔ دریں اثناء تلسا (اوکلا)سے موصولہ اطلاع کے بموجب امریکہ کے اوکلاہوما کے تلسا میں ایک سیاہ فام کے قتل کے الزام میں پولیس کی ایک خاتون افسر کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا گیا ہے ۔ تلسا کاؤنٹی اٹارنی نے آج یہ اطلاع دی۔ پولیس افسر بیٹی پر 40 سالہ سیاہ فام ٹیرینس کرچر کے قتل کا الزام ہے ۔ ایک افریقی نژاد امریکی کو گولی مارنے کاواقعہ کل پیش آیا۔ پولیس نے اس واقعہ کا ویڈیو عام لوگوں کے لئے جاری کردیا ہے ۔ امریکی پولیس کانسلی طور سے متعصبانہ رویہ اس طرح کے واقعات سے نمایاں ہوجاتا ہے ۔ یہ واقعہ بھی اس سلسلہ کی ایک کڑی ہے یہ پولیس کے کردار کو مشتبہ بنادیتا ہے ۔