امریکہ کے ساتھ تعلقات میں وسعت و گہرائی کو ترجیح

حکمت عملی کی ساجھیداری کی ستائش، ٹرمپ کو پرنب مکرجی کا پیغام
نئی دہلی ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدرجمہوریہ پرنب مکرجی نے کہا ہیکہ امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات میں مزید وسعت و گہرائی کو ہندوستان اولین ترجیح دیتا ہے۔ امریکہ کے یوم آزادی کے موقع پر اس کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے نام اپنے پیغام میں صدر مکرجی نے وزیراعظم نریندر مودی کے حالیہ دورہ امریکہ کا تذکرہ کیا اور کہاکہ ’’آپ کے ساتھ ان کے تبادلہ خیال نے دونوں ملکوں کو باہمی طور پر فائدہ مند تعاون کو آنے والے برسوں کے دوران نئی بلندیوں پر پہنچانے کے عظیم مواقع فراہم کیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا کی قدیم ترین جمہوریت اور دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلائے جانے والے دونوں ملکوں کے مابین حکمت عملی کی ساجھیداری دراصل مشترکہ اقدار اور بڑھتے ہوئے حکمت عملی کے مفادات پر مبنی ہے۔ صدر پرنب مکرجی نے اپنے پیغام میں مزید کہا کہ ’’ہماری ہمہ رخی حکمت عملی کی ساجھیداری انسانی سرگرمی کے ہر پہلو پر محیط ہے اور اس کی عالمی اہمیت و افادیت‘‘ صدر ہند نے 4 جولائی کو منائے جانے والے امریکی آزادی کے جشن کے موقع پر امریکی عوام اور صدر ٹرمپ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس موقع ’’میں آپ کی بہتر صحت اور امریکی عوام اور عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے اپنی نیک تمناؤں کا اظہارکرتا ہوں‘‘۔