واشنگٹن ۔ 29 ۔ مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک مسلح شخص کو آج پولیس نے فائرنگ کے ذریعہ زخمی کرنے کے بعد گرفتار کرلیا ۔ اس نے ملازمین پولیس پر اپنا ہتھیار تان لیا تھا۔ یہ واقعہ امریکی کیپٹول میں پیش آیا جس کی وجہ سے یہاں پر سخت چوکسی اختیار کرلی گئی۔ بروسیلز میں دہشت گرد حملہ کے بعد پہلے ہی سے چوکس رہنے کی ہدایت جاری کی گئی تھی ۔ پولیس نے لاری بروسیل ڈاسن عمر 66 سال کو گولی مارکر زخمی کرنے کے بعد گرفتار کرلیا ۔ اس کی حالت کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ فائرنگ کے نتیجہ میں امریکی کیپٹول کی تالا بندی کردی گئی ۔ امریکی ایوان نمائندگان اور سنیٹ کے اجلاس مختصر وقفہ کے لئے معطل کردیئے گئے۔ پورے کیپٹول میں دہشت پھیل گئی تھی ۔ ارکان عمل سے پولیس نے کہا کہ وہ جہاں ہے، وہیں رُکے رہیں جبکہ سیاحوں کا تخلیہ کروادیا گیا ۔