شکاگو ، 6 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں محکمہ موسمیات کے قومی ادارے نے متنبہ کیا ہے کہ رواں ہفتے امریکہ کے بیشتر حصوں میں شدید ترین سردی پڑ سکتی ہے اور گزشتہ لگ بھگ 20 سال میں سردی کی یہ سب سے زیادہ شدت ہو سکتی ہے۔ سردی کی اس شدت اور برفباری کا سبب قطب شمالی کی جانب سے آنے والی برفانی ہوائیں بن رہی ہیں جن کی وجہ سے درجہ حرارت ریکارڈ سطح تک گر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پیر اور منگل کو ملک کے بیشتر حصے سردی کی لپیٹ میں رہیں گے اور درجہ حرارت موسم سرما کے عام دنوں کی نسبت 30 سے 50 فیصد تک کم ہو گا۔ ’نیشنل ویدر سروس‘ کے مطابق چہارشنبہ کو ملک کے تقریباً نصف حصے میں درجہ حرارت منفی 17 سنٹی گریڈ تک ہو سکتا ہے۔ امریکہ کی کئی وسط مغربی ریاستوں میں پہلے ہی 30 سنٹی میٹر تک برف پڑ چکی ہے، جس کی وجہ سے سفر کرنا دشوار اور خطرناک ہو گیا ہے اور اس صورتحال میں بہت سے چرچ اور اسکول بند کر دیئے گئے ہیں۔