امریکہ کے افغان سفارتخانے میں مہلوکین کو خراج عقیدت

واشنگٹن ۔ 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں افغانستان کے سفیرحمداللہ مہیب نے افغانستان کے شہر جلال آباد میں یکم ؍ جولائی کو ہوئے ایک دہشت گرد حملہ میں ہلاک اقلیتی فرقوں یعنی سکھ اور ہندوؤں کے لئے ترتیب دیئے گئے ایک تعزیتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عام طور پر یہ کہا جاتا ہیکہ افغانستان میں سکھ اور ہندو اقلیتیں ہیں لیکن حقیقت یہ ہیکہ یہ دونوں اقوام کا اصل وطن افغانستان ہے۔ یکم ؍ جولائی کو ہوئے دہشت گرد حملہ میں 19 افراد ہلاک ہوئے تھے جن کا تعلق ہندو اور سکھ فرقہ سے تھا۔ انہیں اس وقت ہلاک کیا گیا تھا جب وہ صدر افغانستان اشرف غنی سے ملاقات کیلئے جارہے تھے۔ حملہ کی ذمہ داری دولت اسلامیہ نے لی تھی۔ واشنگٹن میں واقع سفارتخانہ میں ایک دعائیہ اجتماع کا اہتمام کیا گیا تھا تاکہ مہلوکین کو خراج عقیدت پیش کی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر یہ تاثر پایا جاتا ہیکہ ہندو اور سکھ ہجرت کرکے افغانستان آئے لیکن حقیقت یہ ہیکہ یہ لوگ افغانستان کے ہی باشندے ہیں۔ اس موقع پر ہال کھچاکھچ بھرا ہوا تھا جس میں ہندو اور سکھ فرقہ سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاوہ افغانستان ، ہندوستان کے سفارتخانے کے عہدیداروں کے علاوہ امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیدار بھی شریک تھے۔