امریکہ کی ہندوستان کو حمایت، پاکستان پر دباؤ میں اضافہ

واشنگٹن۔ 27 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان پر دہشت گردوں کے خلاف‘ مثبت کارروائی’ کرنے کے دباؤ کو مزید بڑھاتے ہوئے امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے پاکستانی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے بات کی اور ہندوستان کے ساتھ موجودہ کشیدگی کو کم کرنے پر زور دیا۔دہشت گردی کے خلاف جنگ کی ہندوستان کی نئی چارٹرڈ پالیسی کی حمایت کرتے ہوئے مسٹر پومپیو نے ہندوستانی فضائیہ کی منگل کی کارروائی کو ‘دہشت گردی کے خلاف جوابی کارروائی’ قرار دیا ہے ۔ انہوں نے یہاں ایک بیان میں کہا‘‘میں نے پاکستانی وزیر خارجہ قریشی سے موجودہ کشیدگی کو کم کرنے کی ترجیحات پر زور دینے اور اپنی زمین پر فعال دہشت گرد گروپوں کے خلاف مثبت کارروائی کرنے کے لئے کہا ہے ’’۔ ہندوستان کے فضائی حملے کی کارروائی کو واضح طور پر قبول کرنے کا اشارہ دیتے ہوئے مسٹر پومپیو نے کہا‘‘26 فروری کو ہندوستان کی انسداد دہشت گردی کی کارروائی کے بعد میں نے علاقے میں امن اور سلامتی برقرار رکھنے کے لئے سیکورٹی شراکت اور مشترکہ مقصد پر زور دینے کے لئے ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج سے بات کی’’۔انہوں نے کہا‘‘میں نے دونوں وزراء سے کہا کہ ہندوستان اور پاکستان کو تحمل برتنا چاہئے اور کسی بھی قیمت پر کشیدگی کو بڑھنے سے روکنا چاہئے ’’۔ انہوں نے مزید کہا‘‘میں نے دونوں وزراء کو راست بات چیت کو ترجیح دینے اور آگے کی فوجی کارروائی سے بچنے کے لئے بھی کہا ہے ’’۔منگل کو بلائی گئی آل پارٹی میٹنگ میں وزیر خارجہ سشما سوراج نے امریکی وزیر خارجہ پومپیو کے ساتھ ٹیلیفونک بات چیت کا انکشاف کیا۔ سمجھا جاتا ہے کہ مسز سوراج نے مسٹر پومپیو کو ہندوستان کی کارروائی کے پیچھے کا مقصد بتا دیا ہے اور اس بات سے بھی آگاہ کرا دیا ہے کہ 26 فروری کو ہندوستانی فضائیہ کی کارروائی میں صرف جیش محمد کے دہشت گردوں کو نشانہ بنایا گیا تھا اور کسی بھی شہری کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا گیا ہے۔