امریکہ کی ہدایت پر صدر ایران کا انتباہ

تہران ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) صدر ایران حسن روحانی نے آج انتباہ دیا کہ اگر امریکہ نے اپنے تمام حلیف ممالک کو ایران سے تیل نہ خریدنے پر آمادہ کرلیا تو علاقائی سطح پر تیل کی سربراہی شدید طور پر متاثر ہوسکتی ہے۔ حسن روحانی نے کل سوئٹزرلینڈ میں سکونت پذیر ایرانی تارکین وطن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے دھمکیاں دی ہیں کہ ایران کو تیل برآمد کرنے کی اجازت نہ دی جائے۔ حسن روحانی کے اس ریمارک کو سرکاری ٹی وی پر بھی نشر کیا گیا۔ حسن روحانی نے حالانکہ اس تعلق سے کوئی تفصیلات نہیں بتائیں لیکن ماضی میں بھی جب اس پر دباؤ ڈالا گیا تھا تو ایران نے آبنائے ہرمز بند کرنے کی دھمکی دی تھی جہاں سے دنیا میں تیل سربراہی کا ایک تہائی حصہ گزرتا ہے۔ یہ بات بھی اہمیت کی حامل ہے کہ ایران اوپیک کا خام تیل برآمد کرنے والا دوسرا سب سے بڑا ملک ہے جو زائد از 2 ملین بیارلس یومیہ برآمد کرتا ہے۔ ایران کے نیوکلیئر معاہدہ سے امریکہ کے دستبردار ہونے کے بعد امریکہ نے اپنے تمام حلیف ممالک کو بھی یہ ہدایت کی ہیکہ وہ جاریہ سال نومبر تک ایران سے تیل خریدنا بند کردیں۔