9 افراد زخمی ۔ ایک کی حالت تشویشناک ۔ ہوٹل کے کمرے سے چشمے اور وگس دستیاب
شکاگو 24 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کی ایک پرہجوم تھیٹر میں فائرنگ کردینے والا واحد بندوق بردار ایک آوارہ شخص تھا جس نے خود پر گولی چلانے سے قبل وہاں سے فرار ہونے کی کوشش کی تھی ۔ پولیس نے آج یہ بات بتائی اور کہا کہ فائرنگ کے نتیجہ میں کم از کم دو افراد ہلاک اور 9 دوسرے زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے بندوق بردار کی 59 سالہ جان ہؤسر کی حیثیت سے شناخت کی ہے جو البامہ سے تعلق رکھنے والا سفید فام شخص تھا ۔ پولیس نے کہا کہ یہ شخص لوئیسیانا میں لفائیٹے کے مقام پر ایک ہوٹل میں مقیم تھا اور وہاں اس کے کمرے سے مختلف چشمے اور بالوں کی وگس دستیاب ہوئیں جن کا مقصد حلیہ بدلنا تھا ۔ پولیس سربراہ جم کرافٹ نے اخباری نمائندوںسے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک آوارہ شخص لگتا تھا اور اس نے خود تنہا یہ کارروائی کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ہؤسر نے فائرنگ کے ذریعہ دو سفید فام خواتین کو ہلاک کردیا جبکہ دوسرے نو افراد زخمی ہوگئے ۔ مہلوک خواتین کی عمریں 21 اور 33 سال بتائی گئی ہیں۔ ایک خاتون دواخانہ میں فوت ہوئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ جب پولیس اس بندوق بردار کے قریب پہونچی تو اس نے خود بھی گولی مار لی ۔
کرافٹ نے کہا کہ نفاذ قانون کی ایجنسیوں نے جو تیز رفتار کارروائی کی تھی اس کے نتیجہ میں وہ تھیٹر میں 13 راونڈ فائرنگ کرنے کے بعد دوبارہ تھیٹر میں داخل ہوا اور خود گولی مار لی ۔ لوئیسیانا اسٹیٹ پولیس کے سربراہ مائیکل ایڈمونسن نے کہا کہ وہ ہؤسر کے عزانئم کی تحقیقات کر رہے ہیں اور انہوں نے اس کے دوستوں اور افراد خاندان سے بات چیت کی ہے ۔ پولیس نے کہا کہ ہؤسر نے حلیہ بدلنے کے علاوہ اپنی کار کی لائسنس پلیٹ بھی تبدیل کردی تھی اور یہ گاڑی تھیٹر کے بیرونی دروازہ کے عقب میں پارک کی گئی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ جب ہؤسر نے بے دریغ فائرنگ شروع کی اس وقت تھیٹر میں زائد از 100 افراد موجود تھے ۔ جان کرافٹ نے بتایا کہ فائرنگ میں زخمی ہونے والا ایک شخص ہنوز تشویشناک حالت میں ہے ۔ پولیس کے بموجب ہؤسر ماہ جولائی کے پہلے ہفتے سے اس شہر میںمقیم تھا ۔ لوئیسیانا کے گورنر بابی جندال نے کہا کہ ایسا نہیں لگتا کہ یہ کارروائی کسی کو نشانہ بناتے ہوئے کی گئی تھی ۔