واشنگٹن ۔ 26 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ، روس کے خلاف پابندیوں میں اضافہ کرنے، رشئین خطرات کے سدباب کے قومی مرکز اور پابندیوں کے کوآرڈینیٹر دفتر کے قیام کی اجازت دینے والا قانونی بل تیار کررہا ہے۔ مذکورہ بل، امریکی سینٹ کی خارجہ تعلقات کمیٹی کی جنوبی کیرولینا کی ریپبلکن سینیٹر لنڈسی گراہم اور نیوجرسی کے ڈیموکریٹک سینیٹر بوب میننڈز تیار کررہے اور آنے والے دنوں میں اسے رائے شماری کیلئے پیش کیا جائے گا۔ سینیٹروں کے دفتروں سے جاری کردہ مشترکہ تحریری اعلامیہ میں کہا گیا ہیکہ مذکورہ بل کا مقصد موجودہ پابندیوں کے اطلاق میں کانگریس کے فعال کردار کو یقینی بنانا اور ماسکو پر نئی پابندیاں لگانا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہیکہ روس کے صدر ولادیمیر پوٹن نے امریکی طاقت، اثرورسوخ اور داخلہ و خارجہ مفادات کو للکارنے کی نیت کا اظہار کردیا ہے اس کے مقابل امریکہ کی حیثیت سے ہمیں بھی اپنی اس نیت کا کھلم کھلا اظہار کردینا چاہئے کہ ہم بھی اپنی قوم کا دفاع کریں گے۔