غیراسلامی، علماء شرکت نہ کریں : طالبان
کابل ۔ 26 جون (سیاست ڈاٹ کام) افغان طالبان نے نام نہاد اسلامی اسکالر کانفرنس کے ایشیاء اور مشرق وسطیٰ میں انعقاد کو ایک ’’امریکی طریقہ کار‘‘ قرار دیتے ہوئے علماء سے خواہش کی ہیکہ وہ اس نوعیت کی کانفرنس میں شرکت نہ کریں۔ منگل کے روز ایک بیان جاری کرتے ہوئے طالبان نے بتایا کہ مئی میں امریکہ نے اسلامی اسکالرس کی کانفرنس کا انڈونیشیاء میں انعقاد کیا تھا اور اس کے بعد کابل اور اسلام آباد میں بھی اسی نوعیت کی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا تھا اور اب سعودی عرب میں بھی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس کی تاریخ کا تعین نہیں ہوا ہے۔ طالبان کا ماننا ہیکہ اس نوعیت کی کانفرنسوں کا انعقاد ’’غیراسلامی‘‘ عمل ہے جس کی قیادت امریکہ کرتا ہے جہاں وہ افغانستان میں امریکی فوج کی موجودگی کو منصفانہ قرار دینے کی کوشش کررہا ہے تاکہ ان ممالک کی تائید اور حمایت بھی حاصل کرسکے لہٰذا ضرورت اس بات کی ہیکہ علمائے دین اس نوعیت کی کانفرنسوں میں شریک نہ کریں جو امریکہ جیسے درانداز اور فوج کشی کرنے والے ملک کی سوچی سمجھی اسکیم ہے۔