امریکہ کی بیرونی ایرپورٹس پر بھی سخت سکیوریٹی

سیل فونس اور لیاپ ٹاپ پر طیاروں میں امتناع ، مسافروں کی غیرمعمولی اِسکریننگ
واشنگٹن۔ 7 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کو جن بیرونی ممالک سے راست پروازیں پہنچتی ہیں، ان کے حفاظتی انتظامات میں شدت پیدا کرنے کے مقصد سے امریکہ نے الیکٹرانک آلات جیسے سیل فونس اور لیاپ ٹاپس کو طیاروں میں ساتھ رکھنے پر امتناع عائد کردیا اور ایسے آلات کے مالکوں کو طیاروں میں سوار ہونے سے قبل مزید اسکریننگ کے مرحلے سے گزرنا ہوگا۔ امریکہ کے ٹرانسپورٹیشن صیانتی انتظامیہ (ٹی ایس اے) نے کل کہا کہ صیانتی اسکرینرس بیرونی ایرپورٹس پر امریکہ جانے والے مسافروں سے خواہش کریں گے کہ وہ اپنے الیکٹرانک آلات جمع کروادیں اور ثابت کریں کہ الیکٹرانک آلات دھماکو آلات کی حیثیت سے قابل استعمال نہیں ہیں۔ ٹی ایس اے نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عوامی سفر کے بارے میں سب جانتے ہیں کہ تمام الیکٹرانک آلات کی صیانتی عہدیدار اسکریننگ کرتے ہیں۔ صیانتی معائنہ کے دوران عہدیدار الیکٹرانک آلات کے مالکوں سے جن میں سیل فون بھی شامل ہیں، جمع کروا دینے کی خواہش بھی کرسکتے ہیں۔ برقی آلات طیاروں میں ساتھ رکھنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ ایسے مسافر کو مزید اسکریننگ کے مرحلے سے بھی گزرنا ہوگا۔ گزشتہ ہفتے امریکی وزیر برائے داخلی سلامتی جیب جانسن نے ٹی ایس اے کو ہدایت دی کہ بعض بیرونی ایرپورٹس پر جہاں سے امریکہ کے لئے راست پروازیں روانہ ہوتی ہوں، زیادہ حفاظتی انتظامات کئے جائیں۔ ٹی ایس اے نے کہا کہ صیانتی انتظامات کا مسلسل جائزہ جاری رہے گا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ مسافر اعلیٰ تر سطح کی ہوا بازی حفاظتی انتظامات کی پابندی کررہے ہیں اور ممکنہ حد تک انہیں آسانیاں فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ یہ اقدامات صیانتی انتظامات کو جدید ترین بنانے کے مقصد سے اور مشرق وسطیٰ اور یوروپ میں دہشت گردوں سے لاحق خطروں کے امکانات ختم کرنے کے مقصد سے کئے جارہے ہیں۔ سی این این کی خبر کے بموجب ٹی ایس اے غیرملکی حکومتوں سے تعاون کرے گی تاکہ متعلقہ ممالک میں صیانت فراہم کی جاسکے۔ ایرلائینس اور خانگی صیانتی کمپنیوں سے بھی تعاون کیا جائے گا۔ جیب جانسن نے کہا کہ ان انتظامات پر حد سے زیادہ قیاس آرائیوں اور ردعمل کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔