امریکہ کی بشارالاسد کے خلاف باغیوں کو اسلحہ اور تربیت

واشنگٹن۔ 21؍ستمبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ صدر امریکہ بارک اوباما نے داعش شدت پسندوں کے خلاف لڑنے والے شامی باغیوں کو اسلحہ اور تربیت فراہم کرنے سے متعلق بِل پر دستخط کردیئے ہیں۔ امریکی سینیٹ نے گزشتہ روز متعلقہ قانون کی منظوری دی تھی۔ وائٹ ہاؤس کے ترجمان کے مطابق امریکی فوج شامی باغیوں کو سعودی عرب میں قائم کیمپس میں تربیت فراہم کرے گی۔ صدر اوباما نے اس سے قبل عراق اور شام میں داعش شدت پسندوں کے خلاف فضائی کارروائی کا اشارہ دیا تھا، لیکن امریکی فوج زمینی کارروائیوں کے لئے شامی باغیوں پر انحصار کرے گی۔ اوباما کا کہنا ہے کہ بل کی منظوری سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکی عوام داعش کے خلاف متحد ہیں۔ شام کی خانۂ جنگی گزشتہ تین سال سے زیادہ عرصہ سے جاری ہے۔