واشنگٹن۔ 2 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ نے داعش کے خلاف عراق میں فضائی کارروائیاں جاری رکھنے اور شام میں داعش کو نشانہ بنانے پر سنجیدہ غور کے آغاز کے ساتھ ہی افریقی ممالک میں سرگرم القاعدہ کے گروپ الشباب کے خلاف بھی ایک اور کارروائی کی ہے۔پنٹگان کے ترجمان رئیر ایڈیمرل جان کربی کے مطابق الشباب کے خلاف تازہ کارروائی پیر کے روز صومالیہ میں کی گئی ہے۔ پنٹگان کے ترجمان کا کہنا ہے ’’ ہم اپنے آپریشن کے نتائج کا اندازہ لگا رہے ہیں جب مناسب ہو گا ہم اضافی اطلاعات سامنے لائیں گے‘‘۔ واضح رہے یہ امریکی کارروائی الشباب کی طرف سے دارالحکومت موگادیشو کے وسط میں قائم انٹیلی جنس کے ہیڈکوارٹرز کو کاربم دھماکے کے بعد فائرنگ سے نشانہ بنانے کے بعد کی گئی ہے۔الشباب کی اس دوہری کارروائی کے نتیجے میں کم از کم سات عسکریت پسند اور پانچ دوسرے اہلکار ہلاک ہو گئے تھے۔ الشباب گاہے گاہے صومالی حکومت اور انتظامیہ کے کلیدی اداروں اور مراکز کو نشانہ بناتی رہتی ہے۔الشباب کی طرف سے اس نوعیت کی کارروائیاں صومالیہ کے علاوہ دوسرے افریقی ممالک میں بھی کی جاتی رہی ہیں۔ نیروبی اور بعض دوسرے اہم افریقی شہر اس کے اہم رہے ہیں۔دوسری جانب صومالی حکام کا یہ دعوی بھی سامنے آتا رہتا ہے کہ الشباب کو کمزور کر دیا گیا ہے، جبکہ الشباب ان سرکاری دعووں کا توڑ کرنے کے لئے کارروائی کرتی رہتی ہے۔ خیال رہے الشباب کے عسکریت پسند بین الاقوامی حمایت یافتہ صومالی حکومت کا خاتمہ چاہتے ہیں۔