اسلام آباد ۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی حکومت نے اب تک امریکہ کیلئے نامزد پاکستان کے سفیر کے معاہدہ کو جاری نہیں کیا ہے کیونکہ انہیں جو نئی ذمہ داری تفویض کی گئی ہے انہیں ملک کی مختلف عدالتوں میں چیلنج کیا گیا ہے۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق مارچ کے مہینہ میں وفاقی حکومت نے کراچی کے ایک تاجر علی جہانگیر صدیقی کو امریکہ میں پاکستان کے سفیر کے طور پر مقرر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ اس سلسلہ میں پاکستان نے متعلقہ کاغذات دو ماہ قبل یو ایس اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کو روانہ کئے تھے اور اب اسے امریکہ کی جانب سے معاہدہ کا انتظار ہے۔ یاد رہیکہ کسی بھی ملک میں اگر کسی کو سفیر بناکر بھیجا جاتا ہے تو اس ذمہ داری کو متعینہ ملک کی جانب سے منظوری کا معاہدہ بھیجنا ضروری ہوتا ہے جس سے سفارتی نمائندگی کی توثیق ہوجاتی ہے۔ جہاں تک میزبان ملک کا سوال ہے تو وہ مہمان ملک سے یہ مطالبہ نہیں کرسکتا کہ وہ کس کو بطور سفیر روانہ کرے۔ یہ ذمہ داری مکمل طور پر مہمان ملک کی ہوتی ہے۔ صدیقی کی تقرری کا حکمنامہ راست طور پر وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کی جانب سے جاری کیا گیا۔