امریکہ کو کوئی خاص اور قابل اعتبار دہشت گرد خطرہ نہیں

صدر اوباما کا بیان ، مشیران قومی سلامتی کے اجلاس میں شرکت کے بعد اظہارخیال
واشنگٹن ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر امریکہ بارک اوباما نے آج امریکی شہریوں کو ان کے تحفظ اور صیانت کا تیقن دیا۔ اظہارتشکر کا تہوار قریب ہے۔ صدر امریکہ نے کہا کہ کوئی دہشت گرد حملہ کی مخصوص اور قابل اعتبار سراغ رسانی اطلاع نہیں ملی۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ سراغ رسانی نے ایسی کسی بھی سازش کی نشاندہی نہیں کی ہے۔ تاہم حکومت امریکہ کسی بھی حملہ کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح تیار ہے اور اسی لئے خصوصی چوکسی اختیار کی گئی ہے۔ پیرس حملوں کا حوالہ دیتے ہوئے اوباما نے کہا کہ یہ بات سمجھ میں آتی ہیکہ عوام کسی قسم کے دوبارہ حملہ کے اندیشے رکھے ہیں۔ پیرس پر حملوں کے مناظر ٹی وی پر دیکھنے کے بعد انہیں خطرہ بہت قریب محسوس ہوتا ہے لیکن ہفتہ کے دن جب امریکی قوم اظہارتشکر میں شرکت کرے گی اس بات کا قوی امکان ہیکہ ہمارا وطن بالکل محفوظ رہے گا۔ وہ وائیٹ ہاؤس سے راست قوم سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ دولت اسلامیہ کہیں بھی روپوش ہوجائے ہم اسے ڈھونڈ نکالیں گے اور ختم کردیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال سے زیادہ مدت سے یہی ہماری حکمت عملی رہی ہے اور آئندہ ہفتہ میں بھی برقرار رہے گی۔ انہوں نے امریکی عوام کو یاد دہانی کی کہ 65 ممالک دہشت گردوں کو تباہ کردیں گی اور ان کے نظریہ کو شکست دینے کیلئے متحد ہوچکے ہیں۔ فضائی حملے جاری ہیں اور امریکہ کے حلیف عراق اور شام دونوں ممالک نے دولت اسلامیہ کے خلاف زمینی فوجی کارروائی بھی کررہے ہیں۔ امریکہ دولت اسلامیہ کو مالیہ اور رسد کی فراہمی روک دینے کی بھرپور کوشش کررہا ہے۔ وہ مزید افراد کو دولت اسلامیہ میں بھرتی نہیں کرسکیں گے۔

شام پر فرانسیسی فضائی حملوں میں
توسیع کو منظوری
پیرس ۔ 25 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) فرانسیسی پارلیمنٹ نے آج پرجوش انداز میں شام میں دولت اسلامیہ پر فرانس کے فضائی حملوں کی مدت میں توسیع کو منظوری دے دی ۔ قرارداد کی تائید میں 515 مخالفت میں چار ووٹ حاصل ہوئے جبکہ 10 ارکان غیر حاضر تھے۔