سیول 6 اگست (سیاست ڈاٹ کام) شمالی کوریاکی سرکاری میڈیا نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی انتظامیہ نے نیوکلیئر تجربہ گاہوں کو تباہ کرنے کے ساتھ ہی کوریائی جنگ میں مارے گئے امریکی فوجیوں کے باقیات واپس کرکے بہتر سلوک کا مظاہرہ کیا ہے جسے دیکھتے ہوئے امریکہ کو اس کے خلاف عائد پابندیاں ہٹا لینی چاہئیں۔اقوام متحدہ کی ایک خفیہ رپورٹ کے کچھ دن بعد ہی یہ بیان آیا ہے ۔ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے اپنے نیوکلیئر اور میزائل پروگراموں کو روکا نہیں ہے جو اقوام متحدہ کے ضابطوں کی صریح خلاف ورزی ہے ۔شمالی کوریا اور امریکہ کے درمیان سنگاپور میں جون میں ایک تاریخی چوٹی کانفرنس ہوئی تھی جس میں شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان نے اپنے نیوکلیئر ہتھیاروں کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔شمالی کوریا کے ذرائع ابلاغ کا کہنا ہے کہ اتنا سب کچھ کرنے کے بعد بھی امریکہ باہمی تعلقات کو بہتر بنانے کے بجائے منفی رویہ اختیار کئے ہوئے ہے ۔اس دوران جنوبی کوریا کے صدر کے ترجمان نے صحافیوں سے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ شمالی کوریا اپنے نیوکلیئر ہتھیاروں کو تباہ کرنے کے عمل کو وسعت دے اور اس کے لیے امریکہ کو بھی شمالی کوریا کے تئیں ایماندارانہ رویہ اختیار کرنا چاہیے ۔