امریکہ کو شمالی کوریا سے نیوکلیئر اسلحہ ترک کرنے کا وعدہ نبھانے کی توقع

واشنگٹن ، یکم اگست (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے امید ظاہر کی ہے کہ شمالی کوریا نیوکلیئر ہتھیاروں کو ختم کرنے کے اپنے وعدے پر قائم رہے گا۔ امریکی وزارت خارجہ نے منگل کے روز کہا کہ امریکہ کو امید ہے کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور شمالی کوریا کے ٹاپ لیڈر کم جونگ ان کے درمیان جون میں ہونے والی سربراہ ملاقات میں شمالی کوریا نے جوہری ہتھیار ختم کرنے کا جو وعدہ کیا تھا، وہ اسے نبھائے گا۔ وزارت خارجہ نے کہا کہ وہ اس ہفتے ہونے والے آسیان ممالک کے سربراہی اجلاس میں شمالی کوریا کے خلاف پابندیوں کو جاری رکھنے پر زور دے گا۔ امریکہ کے جاسوسی سٹیلائٹ کے ذریعہ شمالی کوریا میں امریکہ تک مارکرنے کی صلاحیت والے ملک کے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل بنانے والی فیکٹری میں نئی سرگرمیاں پائے جانے کے بعد پیونگیانگ کے تخفیف جوہری اسلحہ کے وعدے پر سوال اٹھنے لگا ہے ۔ اس ہفتے کے آخر میں سنگاپور میں ہونے والے آسیان اجلاس میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے شمالی کوریا کے حکام سے ملنے کا امکان ہے ۔