امریکہ کو ایشیائے کوچک میں حلیفوں کی ضرورت: ہیگل

واشنگٹن 7 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) نئی حکومت کے برسر اقتدار آنے کے بعد ہندوستان کے اپنے اولین دورہ سے قبل وزیر دفاع امریکہ چک ہیگل نے کہاکہ امریکہ ایشیائے کوچک میں نئے شراکت داروں اور روابط کی تلاش میں ہے۔ اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ امریکہ کو مواقع اور چیالنجس دونوں کی تلاش ہے۔ اپنے تین روزہ دورۂ ہند سے قبل چک ہیگل نے جرمنی میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک کے دورے پر جارہے ہیں تاکہ اُس کے ساتھ صرف فوجی روابط ہی نہیں دیگر روابط بھی قائم کرسکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان میں وہ جان کیری اور وزیر تجارت ٹینی پرٹزکر کے دورے کے تسلسل میں کام کریں گے۔ یہ دونوں ایک ہفتہ قبل ہندوستان کا دورہ کرچکے ہیں اور صرف طاقتور فوج سے فوج کے تعلقات ہی نہیں بلکہ ہندوستانی عوام کے ساتھ تعلقات بھی قائم کرنے کی کوشش کرچکے ہیں۔ چک ہیگل نے کہاکہ دونوں ممالک متنوع اور مشترکہ مفادات بشمول استحکام، صیانت، معیشت، امکانات اور آزادیاں رکھتے ہیں۔

اُنھوں نے کہاکہ ہندوستان دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہے۔ حال ہی میں وہاں انتخابات منعقد کئے جاچکے ہیں اور ایک نئی حکومت تشکیل پائی ہے۔ نئے وزیراعظم، صدر اوباما سے ملاقات کے لئے آئندہ ماہ امریکہ کے دورے پر آنے والے ہیں۔ اِس لئے اُن کے دورے میں وہ مخصوص مسائل کے بارے میں تبادلہ خیال کریں گے۔ اُن کا مقصد اِس سے بھی کہیں زیادہ وسیع ہے۔ چک ہیگل نے کہاکہ جب ہم ایشیائے کوچک پر نظر ڈالتے ہیں جو امریکہ کی کارگاہ عمل ہے تو وہ زبردست مواقع اور چیالنجوں سے بھرپور نظر آتی ہے۔