امریکہ کو ایران سے نیوکلیئر معاہدہ ہوجانے کا پورا یقین : جان کیری

لیوبیک (جرمنی)۔15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ انہیں آج بھی اس بات کا پورا یقین ہے کہ امریکی انتظامیہ ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ کو قطعیت دینے میں کامیاب ہوجائے گا۔ یاد رہے کہ صدر براک اوباما ایک ایسے قانون پر دستخط کرنے کو تیار ہیں جس کے تحت کانگریس کو کسی بھی معاہدہ کو مسترد کرنے کا حق دیا گیا ہے۔ قانون سازوں سے واشنگٹن میں ملاقات کے بعد شمالی جرمنی میں کیری نے دُنیا کے ساتھ صنعتی طور پر طاقتور ممالک کی ایک کانفرنس میں شرکت کی تھی۔ جرمنی G-7 کانفرنس کا میزبان ملک ہے۔ اس موقع پر جرمن وزیر خارجہ فرنیک والٹر اسٹینمائر نے کہا کہ تمام وزراء اس موضوع پر تبادلہ خیال کریں گے کہ آیا 30 جون کی مدت تک ایران کے ساتھ نیوکلیئر معاہدہ کو قطعیت دی جاتی ہے یا نہیں! جان کیری نے کہا کہ ہمیں اپنے صدر کی قابلیت اور پر صدفیصد اعتماد ہے ا

ور اس بات کا بھی یقین ہے کہ وہ اس قابلیت اور اہلیت کو بروئے کار لاتے ہوئے دنیا کو ایک محفوظ تر مقام میں تبدیل کردیں گے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق امریکی صدر براک اوباما نے ریپبلکن اور ڈیموکریٹ سینیٹرز کے مطالبہ کے آگے ہتھیار ڈالتے ہوئے بالآخر کانگریس کو ایران کے ساتھ معاہدے میں اپنی رائے دینے کی اجازت دے ہی ڈالی ہے۔اوباما اور امریکی سینیٹرز کے درمیان یہ معاہدہ منگل کے روز طئے ہوا ہے اور اس سے غیر یقینی کی ایک نئی صورتحال سامنے آجاتی ہے۔ ایران کے ساتھ عالمی طاقتوں کے معاہدے کے فریم ورک پر 2 اپریل کو اتفاق کر لیا گیا تھا۔اس وقت کے بعد سے وائٹ ہائوز ڈیموکریٹ سینیٹرز کو منانے کی کوشش کررہا ہے تاکہ وہ کانگریس کو حتمی معاہدے پر نظر ثانی کا حق فراہم کرنے کے بل کی حمایت نہ کریں۔