واشنگٹن ، 19 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایک امریکی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکی جاسوسی ادارہ ’نیشنل سکیورٹی ایجنسی‘ کسی بھی ملک کی تمام فون کالز ریکارڈ کر سکتا ہے۔ میسٹک نامی جاسوسی پروگرام کے ذریعے ایک ملک میں 30 دنوں کے دوران اربوں ٹیلی فون کالز کو ریکارڈ کیا گیا اور جب نئے کالز ہونے لگیں تو پرانی ختم کر دی گئیں۔ ’واشنگٹن پوسٹ‘ کے مطابق این ایس اے نے ایسا نظام بنایا ہے جو کسی نامعلوم ملک میں ایک ماہ کے دوران ہونے والے ہر ٹیلیفون کال کو ریکارڈ کر سکتا ہے۔ اخبار کے مطابق امریکی حکام کی درخواست پر اس ملک یا دیگر ممالک کے نام ظاہر نہیں کئے جائیں گے۔ نیشنل سکیورٹی ایجنسی نے جاسوسی کا یہ پروگرام 2009 ء میں بنایا۔ این ایس اے کے سابق کنٹراکٹر ایڈورڈ اسنوڈن نے اس پروگرام کے بارے میں رازوں کا افشا کرتے ہوئے مزید معلومات دینے کا وعدہ کیا ہے۔
شہری آزادی کے حقوق کیلئے کام کرنے والے گروپوں نے اس رپورٹ کو ’رونگٹے کھڑے کرنے والی‘ قرار دیا ہے لیکن امریکی حکام نے ابھی تک اس پر تبصرہ نہیں کیا۔ میسٹک سسٹم کے حوالے سے این ایس اے نے داخلی بریفننگ کیلئے تیار کئے گئے سلائڈ کے کور پر ایک کارٹون جادوگر دکھایا گیا ہے جس کے ہاتھ میں ایک چھڑی ہے جس کے سرے پر موبائل فون ہے۔ واشنگٹن پوسٹ کے مطابق میسٹک این ایس اے کا وہ واحد معروف جاسوسی پروگرام ہے جس کے تحت کسی ملک کی ہر ٹیلیفون کال کو ریکارڈ کیا جاتا ہے۔ جب وائٹ ہاؤس کے ترجمان جے کارنی سے اس رپورٹ کے حوالے سے پوچھا گیا تو انھوں نے کہا ، ’’ہم روایت کے طور پر ہر مخصوص رپورٹ یا الزام پر تبصرہ نہیں کرتے‘‘۔ ادھر گزشتہ سال روس فرار ہوئے اسنوڈن نے کہا ،’’بالکل مزید انکشافات ہوں گے‘‘۔ انھوں نے کہا کہ بعض بہت اہم رپورٹنگ ابھی ہونی ہے۔