نئی دہلی۔30ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں واقع امریکی سفارت خانہ اور قونصل خانوں میں ہندوستانی ملازمین کو جو تنخواہیں دی جاتی ہیں وہ یہاں برسرخدمت امریکی ہم منصب کے مقابلے انتہائی کم ہوتی ہے ۔حکومت کو دستیاب اطلاعات میںیہ انکشاف ہوا حالانکہ وزارت اُمور خارجہ کو ابھی تمام تفصیلات کا انتظار ہے ۔ امریکی قونصل خانوں یا سفارت خانہ سے وابستہ بعض موجودہ و سابق ملازمین نے اپنے مشاہرہ کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اسی عہدہ پر رہنے والے امریکی اسٹاف کو جو تنخواہ دی جاتی ہے اس کے مقابلے ہندوستانی شہری کو انتہائی کم تنخواہ دی جاتی ہے ۔یہاں تک کہ بعض نیم ہنر یافتہ ہندوستانی اسٹاف کو دی جانے والی اجرت ہندوستان کے اقل ترین اجرت قانون ایکٹ میں صراحت کردہ مشاہرہ سے بھی کافی کم ہے ۔ حکومت کو موصولہ اطلاعات کے مطابق انڈین ویزا آفیسر کو ماہانہ تقریباً 17ہزار روپئے تنخواہ دی جاتی ہے جبکہ اسی عہدہ پر رہنے والے امریکی شہری کو تقریباً 1.10لاکھ روپئے تنخواہ ملتی ہے۔سیکیورٹی گارڈ کو ہر روز 8گھنٹے ڈیوٹی انجام دینے پر ماہانہ 8ہزار روپئے دیئے جاتے ہے جو کہ اقل ترین اجرت سے بھی کم ہے ۔
حکومت نے ہندوستانی سفارت خانہ کو ہندوستانی برسرروزگاراسٹاف اور ان کی تنخواہوں کی تفصیلات فراہم کرنے کیلئے 23ڈسمبر تک کا وقت دیا تھا ۔ سمجھا جاتا ہے کہ امریکی سفارت خانہ نے کرسمس اور سال نو کی تعطیلات کی وجوہات بتاتے ہوئے ابھی تک تفصیلات فراہم نہیں کی ۔ ہندوستان نے سفارتکار دیویانی کھوبر گاڑے کی نیویارک میں 12ڈسمبر کو گھریلو ملازمہ کو کم اجرت کے الزامات پر گرفتار اور پھر جامہ تلاشی لینے پر بطور احتجاج یہ مطالبہ کیا ہے ۔ اس دوران معتمدخارجہ کی جانب سے قائم کردہ خصوصی گروپ نے آج پہلا اجلاس منعقد کیا جس میں ہندوستانی اسٹاف کو دی جانے والی تنخواہوں سے متعلق دستیاب معلومات کا جائزہ لیا گیا۔ اس گروپ کے اب باقاعدہ اجلاس منعقد ہوں گے ۔
یہ بھی پتہ چلا ہے کہ امریکن کمیونٹی سپورٹ اسوسی ایشن کی جانب سے فراہم کی جانے والی تجارتی سہولیات بشمول بیوٹی سیلون اور دیگر تجارتی سہولیات جو امریکی سفارتخانہ میں فراہم ہے ان سے نہ صرف دیگر ممالک کے امریکی سفیر بلکہ غیر سفارتی عملہ بھی استفادہ کررہا ہے ۔ یہ سفارتی مراعات کی صریح خلاف ورزی ہے ۔ ذرائع نے بتایا کہ نئی دہلی میں امریکی سفارت خانہ اور دیگر شہروں میں قونصل خانوں میں امریکی اسٹاف کو کافی زیادہ سہولیات اور مراعات حاصل ہیں جو کسی اور کو نہیں ۔