امریکہ کا چین کو اضافی مہلت کے حوالے سے انتباہ

واشنگٹن۔ 27 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے دو اہم عہدیداران کا کہنا ہے چین کو ایران سے تیل کی مصنوعات خریدنے کا سلسلہ بتدریج ختم کرنے کیلئے مہلت دینے یا مختصر مدت کیلئے استثناء دینے کے حوالے سے کسی طور نہیں سوچا جارہا۔ امریکی عہدیداران نے یہ بات اپنی شناخت ظاہر نہ کرنے کی درخواست پر بتائی۔ اس سے قبل واشنگٹن نے پیر کے روز ایرانی تیل کے خریدار ممالک سے اچانک مطالبہ کر ڈالا تھا کہ وہ یکم مئی سے اس خریداری کا سلسلہ روک دیں ورنہ انہیں پابندیوں کا سامنا کرنا ہو گا۔جمعے کے روز مذکورہ عہدے داران میں سے ایک نے کہا کہ ایرانی تیل کے سب سے بڑے صارف چین کے ساتھ امریکی موقف بالکل واضح تھا کہ واشنگٹن نومبر میں دیے جانے والے استثناء کے بعد پابندیوں کے حوالے سے کوئی اضافی چھوٹ پیش نہیں کرے گا۔