امریکہ کا چینی اشیاء پر زائد ٹیکس بلیک میل کے مترادف : چین

بیجنگ ۔ 19 جون (سیاست ڈاٹ کام) چین نے آج امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو چینی اشیاء پر 200 بلین امریکی ڈالرس کے زائد ٹیکس عائد کرنے کے فیصلہ پر ہدف تنقید بنایا اور کہا کہ یہ سوائے ’’بلیک میل‘‘ کے اور کچھ نہیں۔ چین نے انتباہ دیا کہ اگر امریکہ اپنے فیصلہ پر اٹل رہا تو پھر اسے بھی چین کے ردعمل کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔ چین کی وزارت کامرس کی جانب سے جاری کئے گئے ایک بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک کے درمیان متعدد بار بات چیت کے بعد جو قرارداد منظور ہوئی تھی امریکہ اس کی خلاف ورزی کررہا ہے جس نے بین الاقوامی برادری کو بھی مایوس کیا ہے۔ لہٰذا امریکہ کو کوئی بھی قدم اٹھانے سے پہلے چین کے شدید ردعمل کے بارے میں بھی سوچ لینا چاہئے۔