واشنگٹن۔28 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کی جانب سے پاکستان میں ہوئے عام انتخابات کے حوالے سے جاری کردہ بیان میں انتخابی عمل کی شفافیت پر سوالات اٹھائے گئے ہیں جبکہ اس حوالے سے یورپی یونین اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے پیش کردہ شبہات سے اتفاق بھی کیا گیا۔امریکی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے ذرائع ابلاغ کو جاری بیان میں کہا گیا کہ امریکہ ووٹنگ سے قبل انتخابی عمل میں پائی جانے والی خامیوں پر تشویش کا اظہار کرتا ہے، جس کا اظہار ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کی جانب سے بھی کیا گیا۔امریکی ترجمان دفتر خارجہ ہیتھر نوریٹ نے جن معاملات پر تشویش ظاہر کی اس میں انتخابی مہم کے دوران آزادی اظہار رائے پر عائد مبینہ رکاوٹیں بھی شامل ہیں۔ امریکہ یورپی یونین کے مبصر مشن کے پیشکردہ نتائج سے اتفاق کرتا ہے کہ جہاں ایک جانب پاکستان میں انتخابات کے قانونی ڈھانچے میں مثبت تبدیلیاں دیکھنے میں آئیں وہیں انتخابی مہم کے دوران سب کو یکساں مواقع نہ ملنے اور آزادی اظہار رائے پر رکاوٹیں بھی پائی گئیں۔ امریکہ کو پاکستانی انتخابات میں دہشت گرد تنظیموں سے منسلک افراد کے حصہ لینے پر بھی سخت تشویش ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر خوشی کا ظہار کیاکہ پاکستانی عوام نے ان افراد کو مسترد کردیا۔