واشنگٹن، 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) امریکی فوج نے آج کہا کہ شمالی کوریا کے ایٹمی اور میزائل ٹیسٹ کے بڑھتے ہوئے خطرات کے درمیان امریکہ نے انٹرکوٹنی نینٹل بیلسٹک میزائل (آئی سی بی ایم )سمیت دیگر میزائل حملے کو ناکام کرنے کے لئے پہلی بار میزائل دفاعی نظام کا تجربہ کیا ہے ۔میزائل ڈیفنس ایجنسی کے ڈائریکٹر وائس ایڈمرل جم سیرنگ نے کہاکہ پیچیدہ اورخطرناک آئی سی بی ایم کا مقصد ناکام کرنا ناقابل یقین کامیابی ہے اور ہم نے ایسا کرکے اس شعبے میں بہت بڑی کامیابی حاصل کی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ بین الاقوامی دباؤ اور سخت پابندیوں کے باوجود شمالی کوریا مسلسل میزائل ٹیسٹ کر رہا ہے اور پیر کو اس نے اس سال کا نواں تجربہ کیا۔ اس سے قبل شمالی کوریا نے 21 مئی کو مشرقی ساحل سے ایک بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیا تھا اور ملک کے حکمران کم جونگ اُن کی نگرانی میں اس نے اینٹی ایئر کرافٹ ویئپن کا بھی تجربہ کیا تھا۔