واشنگٹن، 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ اور جاپان کے وزیر اعظم شنزو آبے نے ٹیلی فون پر بات کی اور شمالی کوریا کی جانب سے کی جا رہی اشتعال انگیز کارروائی کی مذمت کی۔وائٹ ہاؤس کی جانب سے اتوار کو جاری بیان میں بتایا گیا کہ مسٹر ٹرمپ نے پھر سے اعادہ کیا ہے کہ امریکہ سفارتی، روایتی اور جوہری صلاحیت کا بھرپور استعمال کرکے اپنی اور اپنے ساتھی ممالک کی حفاظت کرے گا۔بیان میں کہا گیا ‘دونوں ممالک نے شمالی کوریا کی جانب سے مسلسل اشتعال انگیز کارروائی کی مذمت کی اور باہمی طور پر بکتربند دفاعی عزائم کی توثیق اور گہرے روابط جاری رکھنے کا وعدہ کیا۔امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس نے کہا ہے کہ امریکی یا اس کے اتحادیوں کو شمالی کوریا کی جانب سے کسی بھی خطرے کا سامنا بھرپور فوجی قوت سے کیا جائے گا۔جیمز میٹس نے وائٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘امریکہ اپنے اور اپنے اتحادیوں جنوبی کوریا اور جاپان کے دفاع کی صلاحیت رکھتا ہے ‘۔ انھوں نے مزید کہا ‘امریکہ یا اس کے کسی بھی علاقے بشمول گوام یا ہمارے اتحادیوں کو کسی بھی خطرے کا جواب بھرپور فوجی قوت سے دیا جائے گا اور یہ جواب بااثر اور شدید ہو گا۔