واشنگٹن ۔ 27 ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کو محفوظ تر بنانے کیلئے اب محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے اپنے عہدیدار بیرون ملک بھی تعینات کرنا شروع کردیئے۔ ان تعیناتیوں کا مقصد بیرونی خطرات کو امریکہ پہنچنے سے روکنا ہے۔ کچھ یورپی اتحادی ممالک ان عہدیداروں سے ناخوش جبکہ کچھ متفق نظر آتے ہیں۔ نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کی ذمہ داری امریکہ کو محفوظ بنانا اور دہشت گردی یا کسی بھی خطرے سے نمٹنا ہے ، تاہم اب ہوم لینڈ سکیورٹی کے دائرہ اختیار کو بڑھادیا گیا ہے۔اس سلسلے میں دو ہزار کے قریب ہوم لینڈ سکیورٹی کے عہدیدار جن میں امیگریشن ، محکمہ ٹرانسپورٹ اور دیگر محکموں میں کام کرنے والے بھی شامل ہیں انہیں دنیا کے 70 سے زائد ممالک میں تعینات کیا گیا ہے۔اتحادی ممالک کا کہنا ہے کہ ہوم لینڈ سکیورٹی کے پھیلائو سے عالمی سکیورٹی بہتر ہوگی اور دہشت گردی سے بہتر بچائو کے ساتھ ساتھ منشیات یا انسانوں کی اسمگلنگ میں شامل گروہوں کے امریکہ تک رسائی روکنے میں مدد ملے گی۔