واشنگٹن ، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے کہا ہے کہ وہ عراق میں دولت اسلامیہ کے خلاف لڑائی میں ایران کے ساتھ کسی قسم کے فوجی تعاون کا منصوبہ نہیں رکھتا۔ محکمہ خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن ایران کو انٹلیجنس یا معلومات فراہم نہیں کرے گا۔ قبل ازیں ایرانی سرکاری ذرائع نے بتایا تھا کہ اعلیٰ ترین رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے فوجی کمانڈروں کو دولت اسلامی کے خلاف امریکہ، عراق اور کرد فوجیوں کے ساتھ تعاون کرنے کی اجازت دی ہے۔ لیکن وزارتِ خارجہ نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے اسے غلط قرار دیا۔ ایران روایتی طور پر امریکہ کے عراق میں رول کے خلاف ہے۔ عراق، ایران کا اتحادی ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ، ’’ہم ایران کے ساتھ اپنی فوجی کارروائی کے حوالے سے رابطے نہیں رکھتے اور انھیں خفیہ معلومات فراہم نہیں کرتے ہیں‘‘۔