امریکہ کا آسیان کو 3 سو ملین ڈالر کی امداد کا اعلان

سنگاپور ۔5 اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سنگاپور میں جاری جنوب مشرقی ایشیائی ممالک تنظیم آسیان کے اجلاس کے دوران تین سو ملین ڈالر کی فنڈنگ فراہم کرنے کا اعلان کیا ہے۔امریکہ کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے سنگاپور میں آسیان چوٹی کانفرنس کے دوران اپنے خطاب میں کہا ہے کہ آسیان ممالک کو یہ امداد خطے کی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے فراہم کی جا رہی ہے جس سے بحری سیکیورٹی، انسانی بھلائی و ترقی، امن قائم کرنے کی کوششوں اور بیرونی خطرات سے نمٹنے میں زیادہ مدد مل سکے گی۔عالمی تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی امداد کا مقصد اس خطے میں چین کے اثر و رسوخ کے مقابلے میں اپنی موجودگی اور اثرات کو مضبوط کرنا ہے۔ چین اور امریکہ کے درمیان معاشی تناو? میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے جس پر قابو پانے کے لیے امریکہ آسیان ممالک سے رابطے استوار کر رہا ہے۔ جنوب مشرقی ایشیائی ممالک تنظیم ‘‘آسیان ’’ یعنی ایسوسی ایشن آف ایسٹ اینڈ ساؤتھ ایشین نیشن (AESAN) کو 8 اگست 1967ء میں 5 ممالک انڈونیشیا، ملائشیا، فلپائن، سنگاپور اور تھائی لینڈ نے قائم کیا تھا جس کے اب 10 رکن ہیں ان میں ویت نام، میانمار، کمبوڈیا، لاؤس اور برونائی بھی شامل ہوچکے ہیں۔