نیویارک 7 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) اُسامہ بن لادن نے امریکہ پر 9/11 حملہ سے 6 ماہ قبل ہی دہشت گرد کارروائیوں کا اشارہ دیا تھا۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ افغانستان میں امریکی شہریوں کی جہاد میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے اُسامہ بن لادن نے کہا تھا کہ امریکہ پر حملے کئے جانے والے ہیں۔ بن لادن کے داماد کے مقدمہ میں ایک گواہ نے بیان دیتے ہوئے کہاکہ 9/11 حملوں سے 6 ماہ قبل ہی القاعدہ کے سربراہ نے امریکی جہادیوں سے کہا تھا کہ میرے اسلامی بھائیو! اب آپ جہاد کیلئے تیار ہوجاؤ۔
اب ہم جہاد کی ذمہ داری تمہارے ہاتھوں حوالہ کرتے ہیں۔ عینی شاہد شہیم الوان نے بیان دیتے ہوئے کہاکہ اُسامہ بن لادن نے جہادی گروپ میں شامل ہونے والے نئے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ امریکہ کو سبق سکھایا جائے۔ 41 سالہ الوان اُن نصف درجن یمنی امریکی نژاد شہریوں میں شامل ہے جنھیں 2003 ء میں القاعدہ کو مواد فراہم کرنے کے الزام میں سزا دی گئی ہے۔ اِس نے 2001 ء میں قندھار کے قریب بن لادن کے دہشت گرد ٹریننگ کیمپ میں بھی شرکت کی تھی۔