امریکہ پاکستان میں امن کا مخالف :عمران خان

اسلام آباد 4 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کی تحریک انصاف کے صدر عمران خان نے آج کہا کہ بعض عناصر بشمول امریکہ پاکستان میں امن کے خلاف ہیں۔ عمران خان نے یہ بھی کہا کہ شمالی وزیرستان کے علاقہ میں فوجی کارروائی پاکستان کے حق میں نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ اُن عسکریت پسندوں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے جو امن مذاکرات کا تسلسل نہیں چاہتے۔ کثیر الاشاعت روزنامہ ڈان کے بموجب عمران خان نے حکومت مخالف سازشوں میں ملوث افراد کی شناخت کا بھی مطالبہ کیا۔ پاکستانی کرکٹ ٹیم کے کیپٹن عمران خان نے جو قبل ازیں فلاحی کارکن تھے سیاست میں داخلہ لے کر تحریک انصاف قائم کی ہے جو فی الحال قبائیلی علاقہ خیر پختون خواہ میں برسر اقتدار ہے۔