اقوام متحدہ ، 27 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی نائب صدر جوبائیڈن نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ پاکستانی جمہوریت کی ہمیشہ تائید کرتا رہے گا اور اُس کی ترقی و خوشحالی میں اپنا تعاون برقرار رکھے گا ۔ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف کے ساتھ ملاقات کے بعد وائیٹ ہاؤس کے جاری کردہ بیان میں یہ بات کہی گئی ۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس کے موقع پر جوبائیڈن نے کل وزیراعظم پاکستان سے ملاقات کی جس کا سلسلہ تقریباً ایک گھنٹے تک جاری رہا ۔ جوبائیڈن نے پہلے ایک وفد کی قیادت کرتے ہوئے نواز شریف سے ملاقات کی اور بعدازاں دونوں قائدین نے علحدہ ملاقات بھی کی جس میں نے امریکہ اور پاکستان کے مشترکہ مفادات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔