امریکہ ٹی پی پی معاہدے سے دستبردار

واشنگٹن۔24 جنوری ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے ٹرانس پیسفک پارٹنرشپ (ٹی پی پی) تجارتی معاہدے سے باہر نکلنے کا فیصلہ کیا ہے جس سے سابق صدر براک اوباما کی خارجہ پالیسی کو دھکا لگا ہے ۔مسٹر ٹرمپ نے کل اپنے اوول آفس میں اس سلسلے میں ایک حکم پر دستخط کئے ۔ انہوں نے انتخابی مہم کے دوران وعدہ کیا تھا کہاگر وہ صدر بنے تو امریکہ کو ٹی ٹی پی سے باہر کریں گے ۔ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکی ملازمین اور مینوفیکچرنگ کے شعبے کے لئے نقصان دہ معاہدہ ہے ۔ اس معاہدے کو اوباما انتظامیہ کی ایشیا پالیسی کا سب سے مضبوط قدم تصور کیا جاتا تھا۔یاد رہے کہ یہ معاہدہ پانچ اکتوبر 2015 ء کو ہوا تھا جس میں یہ طے کیا گیا تھا کہ ٹی پی پی میں شامل ممالک کو کاروبار ٹیکس میں رعایت دی جائے گی۔ اس معاہدے میں اب امریکہ کو چھوڑ کر 11 ملک بچے ہیں جن میں جاپان، ملائیشیا، ویت نام، سنگاپور، برونائی، آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، کینیڈا، میکسیکو، چلی اور پیرو شامل ہیں۔