امریکہ :ٹرک کی ٹکر سے 3لڑکیاں اور ایک خاتون ہلاک

نیویارک،4نومبر(سیاست ڈاٹ کام)امریکی ریاست وسکونسن میں ٹرک کی ٹکرسے 3لڑکیاں اور ایک خاتون ہلاک ہوگئیں جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا بعد میں خود کو پولیس کے حوالے کردیا۔ وسکونسن کے مغربی علاقہ میں پک اپ ٹرک سڑک سے اتر کر کچے راستے پرچلا گیا اور وہاں موجود ‘گرل اسکاؤٹس ‘کے گروپ کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں دو لڑکیاں اور ایک خاتون موقع پر ہی ہلاک ہو گئیں۔تیسری لڑکی اسپتال میں جاکر دم توڑ گئی ، زخمی ہونے والی چوتھی لڑکی کی حالت تشویشناک ہے ۔پولیس کے مطابق ٹرک ڈرائیور پرقتل کے چار الزامات عائد کئے جائیں گے ،حادثے کی وجہ فوری سامنے نہیں آسکی۔