بیجنگ، 24 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) چین اور امریکہ ایشیا۔ پیسیفک خطہ میں آئندہ سال سب سے بڑا نیوکلیر سکیورٹی سنٹر کھولیں گے۔ چین کی جانب سے فنڈز کی فراہمی والا یہ سنٹر بیجنگ کے چانگ یانگ سائنس اینڈ ٹکنالوجی پارک میں قائم کیا جائے گا۔ چائنا اٹامک انرجی اتھارٹی (سی اے ای اے) جو اس سنٹر کا انتظام و انصرام چلائے گی، اس کے وائس چیرمین وانگ ییرین نے کہا کہ مرکز مہارت برائے نیوکلیائی سلامتی مختلف نوعیت کے لیابس، اگزبیشن ایریاز، کلاس رومس، ٹسٹ سائٹس اور رسپانس فورس اکسرسائز مراکز سے لیس رہے گا۔ اس سنٹر کی خبر کو آج یہاں سرکاری میڈیا نے نمایاں طور پر پیش کیا ہے جبکہ امریکی صدر براک اوباما اور ان کے چینی ہم منصب شی جین پینگ نیدرلینڈز میں نیوکلیر سکیورٹی سمٹ میں ملاقات کرنے والے ہیں۔ سرکاری نیوز ایجنسی ژنہوا نے اطلاع دی ہے کہ یہ سنٹر نیوکلیائی مادوں کے تحفظ اور ان پر کنٹرول، درآمدی اور برآمدی انتظام اور بین الاقوامی تبادلے جیسے امور سے نمٹے گا۔