امریکہ نے 2017ء میں 38 بلین ڈالرس کے دفاعی سازوسامان فروخت کئے : پنٹگان

واشنگٹن۔ 30 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) پنٹگان سے جاری ایک اہم اطلاع کے مطابق جاریہ سال امریکہ نے 38 بلین امریکی ڈالرس کے فوجی ہارڈویئر اور سازوسامان فروخت کئے۔ حالانکہ اس سلسلہ میں ہر ملک کیلئے دفاعی سازوسامان کا جملہ تخمینہ علحدہ علحدہ طور پر نہیں پیش کیا گیا تاہم اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے ایک عہدیدار کے مطابق وسطی ایشیاء میں دفاعی سازوسامان سب سے زیادہ فروخت کئے گئے جن کی مالیت 22 بلین ڈالرس بتائی گئی ہے جس کے بعد دوسرے نمبر پر انڈوپیسیفک (7.96 بلین ڈالرس)، یوروپ (7.3 بلین ڈالرس) اور افریقہ 248.6 ملین ڈالرس) کے نام قابل ذکر ہیں۔ دفاعی ہارڈویر اور سازوسامان کی فروخت کوئی چونکا دینے والی بات نہیں ہے کیونکہ امریکہ ہی عالمی سطح پر ہتھیار سربراہ کرنے والا سب سے بڑا ملک ہے جو سلامتی تعاون کے نام سربراہی کا کام انجام دیتا ہے۔ ڈیفینس سیکوریٹی اینڈ کوآپریشن ایجنسی (DSCA) کے ڈائرکٹر چارلس ہوپر نے یہ بات بتائی۔