امریکہ نے پاکستان کو ہر بحران میں نظر انداز کیا:جان مک کین

لندن۔ 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)امریکہ کی آرمڈ سروسز سے متعلق سینیٹ کمیٹی کے چیرمین جان مک کین نے تسلیم کیا ہے کہ امریکہ نے پاکستان کو بحرانی صورت حال میں نظرانداز کیا اور افغانستان میں امریکی مشن پاکستان کے تعاون کے بغیر حیران کن حدسے بھی زیادہ مشکل ہے۔ امریکی سینیٹر نے یہ بات برطانوی اخبار میں لکھے گئے مضمون میں کہی۔ سینیٹرجان مک کین کاکہنا تھاکہ پاکستان کیلئے امریکی امداد کی حدود اور دفاعی سازوسامان کیلئے سبسڈی کی منظور ی میں کانگریس کی ہچکچاہٹ نے دونوں حکومتوں کے درمیان کشیدگی میں اضافہ کیا۔انہوں نے کہا کہ طویل عرصے تک امریکہ نے پاکستان کے ساتھ دو طرفہ تعلقات کو افغانستان کے تناظر میں دیکھا ہے۔حقیقی ترقی کے حصول کے لئے امریکہ کو پاکستان کے استحکام اور معاشی ترقی کے لئے اپنا پائیدار عزم واضح کرنا ضروری ہے۔