واشنگٹن ؍ فوم پینھ ۔ 28 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے آج قدیم ترین بوسیدہ ہندو لارڈ رام کے مجسمہ کو جس کا 70ء کے دہے میں جنوب مشرقی ایشیائی ملک کی خانہ جنگی کے دوران وہاں سے سرقہ کرلیا گیا تھا، واپس کردیا، مجسمہ کو ’’لارڈ رام کا دھڑ‘‘ سے موسوم کیا گیا ہے جو پتھر سے تراشیدہ دسویں صدی کا ایک نایاب مجسمہ ہے جس کا سر، بازو اور پیر نہیں ہیں اور جسے 30 سال قبل ڈینور آرٹ میوزیم نے نیویارک کی ڈورس وائنرگیلری سے حاصل کیا تھا۔ کمبوڈیا کے ساتھ حالیہ مذاکرات کے دوران میوزیم انتظامیہ اس نتیجہ پر پہنچا کہ 70ء کے دہے میں خانہ جنگی کے دوران مجسمہ کو مشہور اینگورواٹ کامپلکس سے چرایا گیا تھا لہٰذا مجسمہ کی واپسی کیلئے کارروائی شروع کردی گئی تھی۔ میوزیم کے ڈائرکٹر کرسٹوف ہنرچ نے کمبوڈین حکومت کے ساتھ ایک مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے یہ بات کہی۔