امریکہ نے شمالی کوریا سے بات چیت کو اچانک ملتوی کردیا

واشنگٹن۔ 7 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے نیویارک میں ایک اعلیٰ سطحی شمالی کوریائی قائد سے ملاقات کا پروگرام اچانک ملتوی کردیا جس نے دونوں ممالک کے درمیان نیوکلیئر توانائی سے کوریائی جزیرہ نما کو پاک رکھنے کے ایک معاہدہ کو بھی فی الحال سرد خانے کی نذر کردیا ہے۔ یاد رہے کہ جمعرات کو امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کا اعلیٰ سطحی سفارت کار اور شمالی کوریائی وفد کی ملاقات طئے تھے تاہم اب اس ملاقات کی تاریخ کو آگے بڑھا دیا گیا ہے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی ترجمان ہیتھر نوریت نے یہ بات کہی اور یہ بھی بتایا کہ مستقبل میں اہم اپنی متعلقہ مصروفیات کو مدنظر رکھتے ہوئے ملاقات کو قطعیت دیں گے۔ اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ کے عہدیداروں نے مقررہ ملاقات کو ملتوی کرنے کی کوئی ٹھوس وجہ نہیں بتائی حالانکہ حالیہ دنوں میں شمالی کوریا نے امریکہ سے یہ مطالبہ بار بار کیا ہے کہ اس پر عائد پابندیاں ہٹائی جائیں حالانکہ صرف ایک روز قبل ہی اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ پومپیو اور کم یانگ چول کی نیویارک میں ہونے والی ملاقات کی توثیق کی تھی۔