امریکہ نے افغانستان میں بگرام جیل بند کر دی

واشنگٹن ، 11 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے افغانستان میں قائم بگرام جیل بند کر دی ہے۔ اس کا کہنا ہے کہ وہاں اب کوئی قیدی نہیں ہے۔ یوں افغانستان میں امریکہ کی تحویل میں کوئی قیدی نہیں رہا۔ امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ بگرام جیل چہارشنبہ 10 ڈسمبر کو بند کر دی گئی ہے۔ نیوز ایجنسی’ روئٹرز‘ کے مطابق اس کے ساتھ ہی دہشت گردی کے خلاف امریکہ کی طویل جنگ کا ایک متنازعہ باب بھی بند ہو گیا ہے۔اس وقت بگرام کے پروان حراستی مرکز میں صرف تین افراد قید تھے۔ ان میں سے دو قیدیوں کو افغان حکام کی تحویل میں دے دیا گیا جن میں ایک رضا النجار ہے۔ تیسرے قیدی کو کوئی خطرہ خیال نہیں کیا گیا۔ نیوز ایجنسی اے پی کے مطابق وہ کسی دوسرے ملک میں منتقلی کا خواہاں ہے۔

امریکی سینیٹ کی انٹلیجنس کمیٹی نے مشتبہ دہشت گردوں پر سی آئی اے کے تشدد کے حوالے سے منگل کو ایک رپورٹ جاری ہے جس کے مطابق 2002ء میں رضا النجار سی آئی اے کی ’وسیع تر تفتیشی‘ تکنیکی کارروائیوں کا نشانہ رہا ہے۔ النجار دہشت گرد گروہ القاعدہ کے سابق سربراہ اسامہ بن لادن کا سابق محافظ ہے۔ کمیٹی کی رپورٹ کے مطابق بہیمانہ تشدد کے ایک ماہ بعد النجار واضح طور پر ٹوٹ چکا تھا۔ اس رپورٹ نے سی آئی اے کی ایک دستاویز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ النجار سی آئی اے کے کہنے پر کچھ بھی کرنے کو تیار ہو گیا تھا۔ اس کے ساتھ تفتیشی عمل میں امریکی فوج کی شراکت منع تھی جس کی وجہ اس عمل کو فوجی اہلکاروں کیلئے خطرہ قرار دیا گیا تھا۔