واشنگٹن ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) ایک اعلیٰ امریکی اہلکار نے ملک کے ہوائی اڈوں پر سکیورٹی کو مزید موثر بنانے کے لیے نئی اصلاحات متعارف کرانے کا وعدہ کیا ہے۔یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ میں ہوائی اڈوں پر تعینات سکریننگ کرنے والے اہلکاروں کے ٹیسٹوں سے معلوم ہوا ہے کہ وہ ہوائی اڈوں سے گزارے جانے والے 95 فیصد نقلی دھماکہ خیز مواد اور ہتھیاروں کو نہیں پکڑ سکتے۔پیر کو ہوم لینڈ سکیورٹی کے سیکریٹری جے جانسن نے امریکہ کے تمام ہوائی اڈوں پر سکیورٹی کے طریقہ کار میں تبدیلی کرنے کی ہدایت کی ہے۔ایک ٹسٹ کے دوران ایک سکرینر ایک ایجنٹ کی کمر پر چپکائے گئے نقلی بم کو تلاش کرنے میں ناکام ہو گیا تھا۔
ان ٹیسٹوں کے نتائج کی خبر امریکی نیوز چینل اے بی سی نے رپورٹ کی تھی۔اے بی سی کے مطابق یہ ٹیسٹ امریکہ میں 70 ہوائی اڈوں پر کیے گئے تھے جن میں سے صرف تین پر ہی ممنوعہ ہتھیار پکڑے جا سکے تھے۔جے جانسن کا کہنا ہے کہ سکیورٹی اہلکاروں کو دوبارہ سے تربیت دینے اور تمام سکیننگ آلات کو ٹیسٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ ان تمام ٹیسٹوں کے نتائج کو سنجیدگی سے دیکھ رہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ ’ان رپورٹوں میں سامنے آنے والے نتائج سیاق و سباق کے حوالے سے بالکل اچھے نہیں ہیں لیکن یہ ہوائی اڈوں کی سکیورٹی کے مسلسل ارتقا میں اہم عنصر ہیں۔‘
جاریہ ماہ کا آخری دن
ایک سیکنڈ زائد طویل ہوگا
لندن ۔ 2 جون (سیاست ڈاٹ کام) اگر جاریہ سال کے جاریہ ماہ میں آپ کی سالگرہ 30 جون کو آرہی ہے تو آپ اسے مزید کچھ دیر تک منانے کیلئے خوش قسمت کہلائیں گے۔ جاریہ سال ماہ جون کے آخری دن کی مدت ایک سکنڈ زائد ہوگی۔ 30 جون کو آپ کی الیکٹرانک گھڑیوں کے ڈائل 11:59:60 پڑھیں گے کیونکہ زمین اپنا چکر مکمل کرنے میں ایک سیکنڈ زائد لے گی اور تب تک گھڑیوں میں بتائے جانے والے اعداد و شمار مندرجہ بالا طور پر پڑھے جائیں گے۔