واشنگٹن۔30اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) اب جبکہ عالمی یوم یوگا 21جون کو منایا جانے والا ہے ‘ یہاں موجود ہندوستانی سفارت خانہ نے مختلف ابتدائی پروگرامس کا انعقاد شروع کردیا ہے تاکہ لوگوں میں اس قدیم ہندوستانی طریقہ ورزش سے متعلق بیداری پیدا کی جاسکے ۔ ہندوستانی روحانی گرو سری سری روی شنکر نے اس دوران ’’ نرچرنگ پیس تھرو یوگا اینڈ میڈیٹیشن‘‘ کے موضوع پر بات چیت کرتے ہوئے یوگا کو آج کے موجودہ دور کا حصہ ہونے کی ضرورت پر بھی زور دیا اور کہا کہ یوگا صرف جسمانی لچک کا نام نہیں بلکہ اس سے ذہنی اور فکری لچک بھی حاصل کی جاسکتی ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ دنیا میں جنگ اس وقت شروع ہوتی ہے جب بات چیت ناکام ہوجاتی ہے ‘ لہذا یوگاایک ایسا فن ہے جو لوگوں میں مواصلاتی مہارت پیدا کرتا ہے ۔یوگا اور مراقبہ کا مقصد لوگوں کے دلوں اور ذہنوں کو جوڑنے کے علاوہ مختلف مذاہب اور ثقافتوں کو جوڑنا بھی ہے ۔ ہندوستانی سفارت خانہ مختلف یوگا تنظیموں ‘ پریکٹیشنرس اور کمیونٹی تنظیموں کے اشتراک سے 21 جنوری کو دی مال میں ایک روزہ یوگا کیمپ منظم کرے گا ۔