واشنگٹن ۔ 3 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )امریکی ڈپارٹمنٹ آف ٹریژری میں ایک ہندوستانی نژاد امریکی شہری کو ایک اہم عہدہ پر فائز کیا گیا ہے ۔اطلاعات کے مطابق جواہر کلیانی کو آفس آف دی کمپٹرولر آف کرنسی (OCC) محکمہ ٹریژری میں ڈپٹی چیف انفارمیشن آفیسر برائے اپلیکیشن سرویسیس ڈیلیوری (ASD) مقرر کیا گیا ہے ۔ دریں اثناء OCC کے چیف انفارمیشن آفیسر ایڈورڈ ڈوریس نے بتایا کہ کلیانی اس شعبہ میں ایک تجربہ کار شخص کے طورپر جانے جاتے ہیں اور اُن کا یہی تجربہ انھیں اپنا نیا رول ادا کرنے میں معاون ثابت ہوگا ۔ کلیانی کے پاس یونیورسٹی آف الینائے سے ایم بی اے کی ڈگری ہے جبکہ قبل ازیں انھوں نے ممبئی کی ویر ماتا جیجابائی ٹکنالوجیکل انسٹی ٹیوٹ (VJTI) سے آئی ٹی اور الیکٹرانکس میں انجینئرنگ کی ڈگری کے علاوہ ممبئی کے ہی BIT سے آئی ٹی کے شعبہ میں انجینئرنگ و آئی ٹی کا ڈپلومہ بھی حاصل کیا تھا ۔