امریکہ میں گز شتہ 3 روز میں فائرنگ کے تازـہ واقعات ، 70 افراد ہلاک

نیویارک: ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے مختلف علاقوں میں تین روز میں فائرنگ کے تازہ واقعات میں70 افراد ہلاک ہوگئے۔فائرنگ کے زیادہ تر واقعات ورجینیا ، ٹیکساس ، اوہایو ، آریزونا اور نیویارک ریاستوں میں پیش آئے۔واضح رہے کہ امریکہ میں سالانہ ہزاورں افراد گن کلچر کی بھینٹ چڑھ جاتے ہیں۔ مختلف گروہوں کی جانب سے اس بات کا مطالبہ کیا جاتا رہا ہے کہ اسلحے کی آزادانہ خرید و فروخت اور کھلے عام اسلحہ لے کر چلنے پر پابندی عائد کرنے کے لیے ایک قانون وضع کیا جائے لیکن اسلحہ بنانے والی فیکٹریوں کے مالکان اور اسلحہ کی حامی لابی کے کانگریس میں اثر و رسوخ کی وجہ سے یہ قانون اب تک پاس نہیں ہوسکا ہے۔

سویڈن :شہریوں پر فائرنگ، 3 ہلاک
اسٹاکہوم ۔20 جون ۔(سیاست ڈاٹ کام) سویڈن کے شہر مالمو میں ایک کیفیٹیریا سے نکلنے والے گروپ پر فائرنگ کے نتیجے میں تین شخص ہلاک اور تین زخمی ہو گئے ہیں۔ روس میں جاری عالمی فٹبال کپ میں سویڈن کی ٹیم کی جنوبی کوریا کے خلاف فتح کا جشن منانے والا ایک ہجوم انٹرنیٹ کیفے سے نکل رہا تھا کہ اس پر آٹومیٹک اسلحے سے فائرنگ کی گئی ۔زخمیوں میں سے ایک کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔اطلاع کے مطابق حملہ آور فرار ہو گیا ہے اور پولیس اس کے تعاقب میں ہے۔تاہم حملے کا دہشت گردی کے ساتھ کوئی تعلق ہونے یا نہ ہونے کا بیان نہیں دیا گیا۔