امریکہ میں گاندھی جینتی تقریبات

واشنگٹن۔ 3 اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ کے مختلف شہروں میں بابائے قوم (ہندوستان) مہاتما گاندھی کا 150 ویں یوم پیدائش منانے کیلئے سینکڑوں افراد جمع ہوئے جہاں مختلف ریالیوں کا بھی اہتمام کیا گیا تھا۔ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے مہاتما گاندھی کی عدم تشدد اور امن پالیسی کے نظریہ کو تفصیلی طور پر پیش کیا جو آج کے اس پُرآشوب اور دہشت گرد زمانے میں بھی اتنی ہی اہمیت کا حامل ہے جتنا مہاتما گاندھی کی زندگی میں تھا۔ تقریبات میں گاندھی جی کے مقبول اور پسندیدہ بھجن ’’ویشنو جن تو تینے رے کہئے‘‘ بھی گایا گیا۔ اس موقع پر ہندوستانی سفیر متعینہ امریکہ نوتیج سرنا نے واشنگٹن میں ہندوستانی سفارت خانہ کے باہر موجود مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے جبکہ نیویارک کے یونین اسکوائر پر ہندوستان کے قونصل جنرل سندیپ چکرورتی نے بھی مہاتما گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔