امریکہ میں پاکستان کے نسلی گروپس کے اتحاد کی تشکیل

واشنگٹن ۔ 24 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان سے تعلق رکھنے والے مختلف نسلی اقلیتی گروپس نے اب اپنا ایک مشترکہ پلیٹ فارم ساؤتھ ایشین مائناریٹیز ایلائنس فاؤنڈیشن کے نام سے تشکیل دیا ہے جو دراصل پاکستان میں سیکوریٹی فورسیس اور ملک کی حکمراں جماعت کی جانب سے انسانی حقوق کی مبینہ پامالی کے خلاف تشکیل دیا گیا محاذ ہے۔ ری پبلکن کے دو کانگریس مین تھارمس گاریٹ جن کا تعلق ورجینیا سے ہے اور پنسلوانیا سے تعلق رکھنے والے اسکاٹ پیری نے نوتشکیل شدہ گروپ کو اپنا پورا تعاون دینے کا وعدہ کیا ہے جو پاکستان میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے خلاف اپنی لڑائی شروع کرچکا ہے۔ اس موقع پرایک مجمع سے خطاب کرتے ہوئے اسکاٹ پیری نے کہا کہ آپ امریکی پیسے لیکر اپنے ہی لوگوں کا استحصال نہیں کرسکتے کیونکہ ایسا کرنا اچھا نہیں۔ مجمع میں مختلف نسلوں کی نمائندگی کرنے والے جیسے مہاجرین، بلوچی، گلگت اور ہزارہ کمیونٹی کے افراد موجود تھے۔ پیری نے کہا کہ آپ کا تعلق چاہے کسی بھی نسل یا مذہب سے ہو، آپ کو امریکہ سے ڈر اور خوف سے زندگی گزارنے کی قطعی ضرورت نہیں۔ آپ لوگوں نے اپنا جو گروپ تشکیل دیا ہے وہ آگے چل کر ہوسکتا ہے کہ ایک بڑی تحریک بن کر سامنے آئے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے لوگ جن کی ’’کوئی نہیں سنتا‘‘ ان کی آواز اگر امریکی حکومت نہیں سنے گی تو اور کون سنے گا؟۔