امریکہ میں پاکستان کیخلاف ہندوستانیوں کا احتجاج

پلوامہ حملے میں پاکستان نشین جیش محمد ملوث ہونے پر شدید برہمی ، کارروائی کا مطالبہ
نیویارک ۔23 فبروری۔(سیاست ڈاٹ کام) بڑی تعداد میں ہندوستانی امریکیوں نے پاکستان کے مستقل مشن برائے اقوام متحدہ اور اُس کے قونصل خانہ کے روبرو احتجاج منعقد کرتے ہوئے پلوامہ میں ہندوستانی سکیورٹی فورسیس کے خلاف پیش آئے دہشت گرد حملے کی سخت مذمت کی اور مطالبہ کیا کہ پاکستان نشین دہشت گرد گروپ جیش محمد اور اُس کے لیڈر مسعود اظہر کیخلاف عاجلانہ کارروائی کی جائے۔ نیویارک اور نیو جرسی علاقہ سے تعلق رکھنے والی ہندوستانی امریکی کمیونٹی کے ارکان نے پاکستان کے خلاف نعرہ بازی کی اور پلے کارڈس اُٹھائے ۔ وہ پاکستانی قونصل خانہ اور مین ہاٹن میں واقع اُس کے مستقل مشن کے روبرو گزشتہ روز دوپہر اپنے احتجاج کے دوران ترنگا لہراتے رہے ۔ مشتعل احتجاجیوں نے ہندوستانی پرچم کے ساتھ امریکی پرچم بھی لہرایا اور پلوامہ حملے کے لئے انصاف کا مطالبہ کیا اور کہاکہ 40 سنٹرل ریزرو پولیس فورس کے جوانوں کی ہلاکت رائیگاں نہیں جائے گی ۔ دی امریکن انڈیا پبلک افیسرس کمیٹی کے صدر جگدیش سہوانی اور احتجاجی ایونٹ کے منتظمین نے نیوز ایجنسی پی ٹی آئی کو بتایا کہ اس مظاہرے کے ذریعہ پاکستان کو یہ پیام دینا مقصود ہے کہ بہت ہوچکا ۔ اس مرتبہ ہم معاف نہیں کریں گے ، ہم ہرگز معاف نہیں کریں گے۔ انھوں نے کہاکہ پلوامہ حملہ تابوت میں آخری کیل کے مترادف ہے ۔ پاکستانی دہشت گردوں نے گزشتہ برسوں میں ہندوستان کوبار بار نشانہ بنایا ہے اور اب اُنھیں اس کی قیمت چکانی پڑے گی ۔