واشنگٹن ۔ 30ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) امریکی تاریخ میں پہلی بار ٹرانزجینڈر (مخنث) فوج میں بھرتی کئے جائیں گے۔ پینٹاگون کے مطابق بھرتیوں کا سلسلہ یکم جنوری سے شروع کردیا جائے گا۔ محکمہ انصاف کے حکام کا کہنا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے اس فیصلے کے خلاف اپیل نہیں کی جائے گی۔گزشتہ ہفتے واشنگٹن اور ورجینیاکی وفاقی عدالتوں نے ٹرمپ انتظامیہ کی ٹرانزجینڈر افراد کی فوج میں بھرتیوں کے حوالے سے عدالتی حکم کو عارضی طور پر روکنے کی درخواست کو مسترد کردیا تھا۔ ٹرمپ نے جولائی میں اعلان کیا تھا کہ وہ ٹرانزجینڈر افراد کے امریکی فوج میں بھرتی پر پابندی عائد کریں گے۔ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ادارہ ان افراد کی فوج میں شمولیت کی وجہ سے معاملات میں خلل اور بڑھنے والے اخراجات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ جس کے بعد چار وفاقی عدالتوں نے ٹرمپ کے پابندی کے اقدام کو مسترد کرتے ہوئے احکامات جاری کیے تھے کہ یہ غیرآئینی اور امریکی مساوی حقوق کی اقدار کے منافی ہے۔